کرم کے مسائل کے حل کے لیئے ہر فورم پر کوشاں ہوں ،گورنر خیبرپختونخوا

پیر 14 جولائی 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کرم کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر کوشاں ہوں ،امن کا قیام علاقہ کی ترقی میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا فرہاد اللہ کی قیادت میں ملنے والے پاڑا چمکنی کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر ہاؤس پشاور میں ملنے والے وفد نے گورنر کو علاقہ میں تعلیم، صحت مواصلات اور دیگر شعبہ جات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے نتیجہ میں متعدد محکمہ جات صوبائی حکومت کے زیر اثر ہیں تاہم پاڑا چمکنی قوم سے متعلق مسائل کے حل کے لیے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر خیبرپختونخوا کرم متاثرین کے لیے محدود وسائل کے باوجود بھرپور کام کررہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔