ض*پشاور، شادی کی تقریب میں موسیقی سے روکنے پر ایس ایچ او کیخلاف تحقیقات شروع

پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار اور دیگر رہنماؤں کا ایس ایچ او بڈھ بیر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

پیر 14 جولائی 2025 22:35

;پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء)پشاور میں شادی کی تقریب میں موسیقی سے روکنے پر ایس ایچ او کے تحقیقات کا آغاز ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق پشاور میں تھانہ بڈھ بیر کے ایس ایچ او عبد الغنی کو علاقے میں موسیقی سے منع کرنے کا اعلان مہنگا پڑگیا۔پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار سمیت دیگر رہنماؤں نے ایس ایچ او کو معطل کرنے اور انکے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور قاسم علی خان کو ایس ایچ او بڈھ بیر کے خلاف انکوائری کی ہدایت جاری کردیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، قصوروار ثابت ہوا تو ضرور کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

آئی جی خیبرپختونخوا کے مطابق بغیر تحقیقات کے سزا سے دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما فورس کا مورال متاثر ہوتا ہے اس لیے تحقیقات ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او بڈھ بیر پر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے کا الزام ہے جس کی مکمل چھان بین کرنے کے بعد ہی محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔آئی جی کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کی خادم اور محافظ ہے، عوامی امنگوں پر پورا اترنے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گی