سی ڈی اے نے سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد ایران ایونیو پر لگا ماڈل ہٹانے کی ہدایت کردی

سی ڈی اے کے نوٹس لینے کے بعد ماڈل کو کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا اور اسے منتقل کرنے کرنے کا کام شروع کردیا گیا

پیر 14 جولائی 2025 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)سی ڈی اے نے سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو اسلام آباد کے ایران ایونیو پر دو ہاتھوں اور گلوب کا لگایا گیا ماڈل ہٹانے کی ہدایت کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق سی ڈی اے نے بتایاکہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے اس ماڈل کیلئے سی ڈی اے سے منظوری نہیں لی تھی۔سوشل میڈیا صارفین نے ماڈلز پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ آخر کس نے ان ماڈلز کو نصب کرنے کی اجازت دی ہی ۔

سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ سرکاری ادارے کا اس ماڈل کی تنصیب سے کوئی تعلق نہیں، یہ ماڈل ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نصب کررہی تھی۔ سی ڈی اے نے کہاکہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت خوبصورتی کیلئے ماڈلز لگانے کی اجازت دی جاتی ہے مگر اس کیلئے ماڈل ڈیزائن کی منظوری لینا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ماڈل بغیر سی ڈی اے اتھارٹی کی منظوری کے نصب کیا گیا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایاکہ آیا شہر میں کسی جگہ پر بغیرمنظوری کسی ماڈل کی تنصیب کیسے کی جاسکتی ہے یہ بھی سوال اٹھایا کہ کیا وفاقی ترقیاتی ادارہ اپنی ذمہ داری سے غفلت کا مرتکب ہوا یا اب اس معاملے سے خود کو الگ کرنے کی کوشش کر رہا ہی ۔

سی ڈی اے کے نوٹس لینے کے بعد ماڈل کو کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا اور اسے منتقل کرنے کرنے کا کام شروع کردیا گیا۔