ہتھیار اٹھانا صرف ریاست کی ذمہ داری ہے، شامی وزیر خارجہ

کسی کو بھی ان کے ملک کے معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے، اسعد الشیبانی

منگل 15 جولائی 2025 15:00

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے زور دیا ہے کہ ان کے ملک میں ہتھیار اٹھانا صرف ریاست کی ذمہ داری ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وہ یہ بات جنوبی شام کے السویدا میں جاری جھڑپ کے تناظر میں کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ نے بیانات میں مزید کہا کہ شام عرب اور بین الاقوامی دونوں حلقوں میں آہستہ آہستہ اپنی معمول کی جگہ دوبارہ حاصل کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

کچھ فریقوں کی جانب سے شام کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کوششوں کے جواب میں اسعد الشیبانی نے کہا کہ کسی کو بھی ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے۔شامی وزارت دفاع نے بتایا کہ السویدا میں مسلح گروہوں کے حملوں میں فوج کے 18 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ "العربیہ " کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ شامی دفاع نے حالیہ کشیدگی کے بعد سکیورٹی کی موجودگی کو مضبوط بنانے اور استحکام قائم کرنے کے لیے السویدا کے مضافات میں اضافی یونٹس بھیجے ہیں۔ شامی وزارت داخلہ نے اطلاع دی تھی کہ السویدا میں جھڑپوں کو کنٹرول کرنے کے لیے تعیناتی کے دوران کئی سکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کر لیا گیا تھا۔