تامل ناڈو کے وزیرا علیٰ کا مقبوضہ کشمیر میں جمہوری حقوق کی خلا ف ورزیوں پر اظہار تشویش

منگل 15 جولائی 2025 16:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء) دراوڑ منیترا کزگم کے صدر اورتامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جمہوری حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایم کے اسٹالن نے ان خیالات کا اظہار مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ کو13جولائی 1931کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزار شہدا نقشبندصاحب سرینگر جانے سے روکنے کیلئے لگائی گئی پابندیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ زورپکڑ رہا ہے جبکہ مقبوضہ علاقے میں شہری اور جمہوری حقوق پر عائد پابندیوں سے جموںوکشمیر کی سنگین صورتحال کی عکاسی ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عمر عبداللہ کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایک منتخب وزیراعلیٰ کو محض جولائی1931کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے سے روکنے کیلئے گھر میں نظر بند کر دیا گیا جوکہ انتہائی افسوسناک ہے ۔

ایم کے اسٹالن نے کہاکہ یہ صرف ایک ریاست یا ایک لیڈر کے بات نہیں ہے تامل ناڈو سے لے کر کشمیر تک بی جے پی حکومت منظم طریقے سے تمام ریاستی حکومتوں کے حقوق چھین رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر یہ واقہ کشمیر میں ہو سکتا ہے، تو یہ کہیں بھی عوام کے کسی بھی منتخب نمائندے کے ساتھ ہو سکتا ہے۔