سرگودھا کی پرائس کنٹرول رینکنگ رپورٹ جاری، دو ہفتوں میں 53,274 انسپیکشنز کی گئیں

منگل 15 جولائی 2025 16:29

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) سرگودھا کی پرائس کنٹرول رینکنگ رپورٹ جاری کر دی گئی ، دو ہفتوں میں 53,274 انسپیکشنز کی گئیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ پرائس کنٹرول رینکنگ رپورٹ کے مطابق یکم جولائی سے 14 جولائی تک سرگودہا کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے کے سلسلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

دو ہفتوں میں مجموعی طور پر 53,274 انسپیکشنز کی گئیں، جبکہ 12 لاکھ 98 ہزار روپے جرمانے کی مد میں وصول کیے گئے۔ 2 ایف آئی آرز درج ہوئیں، 47 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 32 دکانیں سیل کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق،گزشتہ پانچ روزہ کارکردگی (10 جولائی تا 14 جولائی 2025) میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 26,461 انسپیکشنز کیں، جو گزشتہ ہفتے(3 تا 9 جولائی)کے19,196انسپیکشنز کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔

(جاری ہے)

اس عرصے میں 6 لاکھ 6 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا، جبکہ 24 افراد کو گرفتار اور 27 دکانیں سیل کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنرسرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نےاس کارکردگی پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک رکھا گیا اور روزانہ کی بنیاد پرانسپیکشنز کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی گرانفروشی کی شکایات فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ حکام کو دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے فیلڈ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے سخت اقدامات کی بدولت سرگودہا کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ عوامی ریلیف کے لیے جاری اقدامات کو مزید سخت کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔