Live Updates

ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بنالی، پارٹی کا نام بھی بتا دیا

نئی جماعت حکمرانوں کا پیچھا کرے گی، عوامی آواز بن کر ہر فورم پر مسائل اُٹھائے گی، میں گیٹ نمبر 4 کی پیداوار نہیں، میں 3 ماہ والی نہیں بلکہ اگلے 30 سال کی بات کر رہی ہوں؛ عمران خان کی سابقہ اہلیہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 جولائی 2025 16:18

ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بنالی، پارٹی کا نام بھی بتا دیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بناتے ہوئے پارٹی کے نام کا بھی اعلان کردیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور صحافی و سماجی کارکن ریحام خان نے باضابطہ طور پر اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کیا اور بتایا کہ اس نئی جماعت کا نام "پاکستان ریپبلک پارٹی" رکھا گیا ہے، ہماری جماعت حکمرانوں کا پیچھا کرے گی اور عوامی آواز بن کر ہر فورم پر مسائل اُٹھائے گی، میں گیٹ نمبر 4 کی پیداوار نہیں، میں 3 ماہ والی نہیں ہوں، اگلے 30 سال کی بات کر رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریپبلک پارٹی کا مقصد صرف اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوامی فلاح، شفافیت اور انصاف کے لیے جدوجہد ہے، ملک کے موجودہ سیاسی نظام میں عام شہری کی آواز دبائی جاتی ہے لیکن ہماری سیاسی جماعت ہر نظرانداز شدہ طبقے کی نمائندہ بنے گی، ہماری پارٹی سیاست کو خدمت میں بدلنے کے لیے میدان میں اتری ہے کیوں کہ ہماری عوام کے پاس پینے کا پانی نہیں ہے، مجھے ایک بچی نے کہا کہ آپ بھی کہیں ان سیاست دانوں کی طرح نہ ہوجائیں اسی لیے میں سیاست سے الگ رہی۔

(جاری ہے)

ریحام خان کا کہنا ہے کہ 2012ء میں بی بی سی میں ملازمت اختیار کی تھی، بی بی سی سے مستعفی ہوکر اپنی والدہ کے پاس 4 سال رہی، اس دوران مجھے پاکستان سے پیار ہوگیا اور میں نے 2012ء سے 2025ء میں پاکستان کو میں نے دیکھا ہے، کراچی پریس کلب کو میں نے زبان دی تھی کہ کسی بھی سیاسی اقدام کا آغاز یہاں سے کروں گی کیوں کہ میرے برے حالات میں کراچی پریس کلب میرے ساتھ تھا، اب ماڈرن ٹیکنالوجی آگئی ہے، کسی کام کا آغاز کریں تو اللہ کا نام لے کر کریں، اس کے لیے نیت کرنا بھی بہت ضروری ہے، جب بھی کسی اور کے لیے کوئی کام کیا جاتا ہے تو اس میں اللہ پاک برکت ڈالتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات