صدر ایف پی سی سی آئی سے مصر کے سفیر کی ملاقات ،تجارتی تعلقات کی بہتری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

منگل 15 جولائی 2025 17:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبد الحامد نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کی بہتری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر ایف پی سی سی آئی نے مصر کی مارکیٹ میں پاکستانی اشیاء پر بھاری ٹیرف میں کمی کی ضرورت پر زور دیا ۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے دونوں ممالک کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ۔

(جاری ہے)

صدر ایف پی سی سی آئی نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ سالوں میں تجارتی حجم کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا اور فوری اقدامات تجویز کیے ۔ عاطف اکرم شیخ نے کہاکہ پاکستان اور مصر کے درمیان باہمی تجارتی حجم میں اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے، دونوں ممالک میں تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے کیلئے بزنس وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے۔مصر کے سفیر نے اپنے ملک میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے موجود کاروباری مواقعوں سے آگاہ کیا۔ مصری سفیر نے کہاکہ مصر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تجارتی تعلقات میں اضافے کیلئے پر عزم ہیں۔