باپ کے ہاتھوں16سالہ بیٹی کے قتل کا واقعہ قابل افسوس ہی:لبنیٰ مشتاق

منگل 15 جولائی 2025 23:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی سنٹرل کوآرڈینیشن کونسل کی رکن لبنیٰ مشتاق نے راولپنڈی میں باپ کے ہاتھوں 16سالہ بیٹی کے قتل کے افسوسناک واقعہ پر کہا ہے کہ بامقصد تعلیم اور اخلاقی تربیت کے فقدان نے مقدس رشتوں کو گہنا دیا ہے۔ وہ گزشتہ روز ویمن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں اظہار خیال کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈگری زدہ ناقص نظام تعلیم اور دین سے دوری کی وجہ سے اسلام کے نام پر حاصل کئے جانے والے ملک میں لاقانونیت، لادینیت اور مادیت پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے محترم رشتے نفرت و انتقام کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔ لبنیٰ مشتاق نے کہاکہ تربیت سے خالی ہمارا نظام تعلیم یوتھ میں عدم برداشت اورفرسٹریشن پیدا کر رہا ہے۔ ان سماجی عوارض کے علاج کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گھروں کو مراکز علم و تربیت بنانے کا ویژن دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ویژن کی روشنی میں تحریک منہاج القرآن ملک بھر میں 25 ہزار ماڈل مراکز علم قائم کر رہی ہے۔ یہ مراکز علم گھروں میں قائم ہوں گے جن کے پہلے رکن افراد خانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری گزشتہ 10 سال سے آئندہ نسلوں کی اخلاقی تربیت پر فوکس کئے ہوئے ہیں اور وہ والدین کوآگاہ کر رہے ہیں کہ اولاد کی ابتدائی عمر تربیت کی ہوتی ہے اسے لاڈ پیار میں ضائع مت کریں۔

والدین جس قسم کی تربیت کرتے ہیں بالغ ہونے پر انہیں اولاد کی طرف سے اسی قسم کا رسپانس ملتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اخلاقی قدروں کے احیا کیلئے گھروں کو مصطفویٰ تعلیم و تربیت کے مراکز میں بدلنا ہو گا۔ لبنیٰ مشتاق نے کہاکہ جب گھر کا ماحول لادینیت اور مادیت کا شکار ہوتا ہے تو اس کے منفی اثرات پوری سوسائٹی پر مرتب ہوتے ہیں اور آج ہم دیکھ رہے ہیں سوسائٹی میں قتل و غارت گری مقدس رشتوں اور اسلامی اقدار کی بے توقیری بڑھ گئی ہے اور یہ لمحہٴ فکریہ ہے۔سوسائٹی کو امن، ادب و احترام کا گہوارہ بنانے کیلئے سب سے پہلے گھروں کے ماحول کو ٹھیک کرنا ہو گا۔