فارمیسی میں پی ایچ ڈی پروگرام کا آغاز، جامعہ کوہاٹ کی اعلی تعلیم میں بڑی پیش رفت

کوہاٹ یونیورسٹی کو فارمیسی میں پی ایچ ڈی پروگرام کی اجازت، ایچ ای سی نے این او سی جاری کر دیا

منگل 15 جولائی 2025 19:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ فارمیسی کو پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ۔ اس ضمن میں ہایئر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی) پاکستان نے تحریری این او سی جاری کرکے کوہاٹ یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی کو پی ایچ ڈی پروگرام کے آغاز کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر جامعہ کوہاٹ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے شعبہ فارمیسی کو اس اہم کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جامعہ میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے فروغ کی سمت ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی پروگرام کے اجراء سے نہ صرف تحقیقی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ فارمیسی کے شعبے میں ملک کو معیاری ماہرین بھی میسر آئیں گے۔انہوں نے اس کامیابی پر شعبہ فارمیسی کے تمام فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ جامعہ کوہاٹ مستقبل میں مزید شعبہ جات میں بھی اعلیٰ تحقیقی پروگرامز کا آغاز کرے گی۔