فیصل آباد ڈویژن میں اوپن ڈور پالیسی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، کمشنر

منگل 15 جولائی 2025 20:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد ڈویژن میں اوپن ڈور پالیسی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔اس پالیسی کے تحت ڈویژن بھر میں شہریوں کے مسائل سننے اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لئے افسران اپنے دفاتر میں مقررہ اوقات میں دستیاب رہ کر مسائل اور شکایات کا ازالہ یقینی بنارہے ہیں۔

کمشنر فیصل آباد مریم خان نے بتایا کہ وہ خود روزانہ مقررہ اوقات کے دوران دفتر میں موجود رہتی ہیں اور شہریوں کی شکایات براہِ راست سنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے ہر فرد کو عزت، توجہ اور بروقت ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔کمشنر نے تمام ضلعی اور تحصیل سطح کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھی اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور دفاتر میں شہریوں کی موجودگی کے دوران دستیاب رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شہری کی شکایت کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور تمام درخواستوں کو میرٹ پر مقررہ وقت میں نمٹایا جائے گا۔ مریم خان نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ شہریوں کو ریلیف دینے اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکموں سے جڑی شکایات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے اور شکایات کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ''عوامی خدمت'' ہماری بنیادی ذمہ داری ہے اور فیصل آباد ڈویژن کی انتظامیہ اس پر مکمل عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔