بھارت کے مختلف اداروں کو بم کی دھمکیاں موصول ، سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا

بدھ 16 جولائی 2025 16:17

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) بھارت بھر میں مختلف اداروں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس سے ان اداروں میں ہڑبونگ مچ گئی اورسکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بمبئی اسٹاک ایکسچینج، دہلی یونیورسٹی کے سینٹ اسٹیفن کالج اور دوارکا کے سینٹ تھامس اسکول کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں تعلیمی اداروں کے طلباء اور عملے کو فوری طور پر وہاں سے نکال لیا گیا اور ان علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں جن میں دہلی پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ، سراغ رساں کتے، فائر بریگیڈ اور خصوصی عملے کو تعینات کیا گیا ۔پولیس حکام نے بتایا کہ اب تک کسی بھی جگہ سے کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی ہے۔فی الحال تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کوئی دھماکہ خیز مواد یا مشکوک اشیاء برآمد نہیں ہوئی ہیں۔ایک الگ واقعے میںمہاراشٹر کے دارالحکومت میں بمبئی اسٹاک ایکسچینج کو بھی ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی موصول ہوئی ، تاہم کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔ ای میل ''کامریڈ پنارائی وجین''نام کی ایک آئی ڈی سے موصول ہوئی ہے۔