بھارتی لڑکیوں کے ذریعے ہنی ٹریپ، 3 پاکستانی نوجوانوں کو تھائی لینڈ بلا کر اغواء کرلیا گیا

اغواء کاروں نے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کردیا، مغوی بھارتی لڑکیوں سے ٹیلیفونک رابطے میں تھے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 جولائی 2025 14:59

بھارتی لڑکیوں کے ذریعے ہنی ٹریپ، 3 پاکستانی نوجوانوں کو تھائی لینڈ ..
ساہیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2025ء ) بھارتی لڑکیوں کے ذریعے ہنی ٹریپ کرتے ہوئے 3 پاکستانی نوجوانوں کو تھائی لینڈ بلا کر اغواء کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کو تھائی لینڈ بلوا کر اغوا کرلیا گیا جس کے بعد اغواء کاروں کی جانب سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ سامنے آیا، مغویوں نوجوانوں کی شناخت عثمان امین، محمد احمد اور تجمل شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے جو بھارتی لڑکیوں سے ٹیلیفونک رابطے میں تھے۔

اہل خانہ نے بتایا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو بھارتی لڑکی کی جانب سے موبائل فون پر تھائی لینڈ کے ایئر ٹکٹ بھجوائے گئے جس کے بعد تینوں نوجوان لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے، لاہور ایئرپورٹ پر بھی نامعلوم افراد نے تینوں کو رخصت کیا، تاہم تھائی لینڈ پہنچنے کے بعد نوجوانوں کا اغوا کر لیا گیا اور اغواکاروں نے فون کرکے اہل خانہ کو لڑکوں کے اغواء کی اطلاع دی اور ساتھ ہی ایک کروڑ روپے تاوان کی بھی ڈیمانڈ کردی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کے رہائشی بلال حیدر کو ہنی ٹریپ کے ذریعے کشمور بلا کر کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا، ڈاکوؤں نے مغوی پر بدترین تشدد کرتے ہوئے اس کی ویڈیوز اہل خانہ کو بھیجیں اور مغوی کی رہائی کے عوض 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بلال حیدر کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہنی ٹریپ کیا گیا اور مخصوص منصوبہ بندی کے تحت کشمور بلایا گیا جہاں سے اسے اغواء کرلیا گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ہربنس پورہ میں مغوی کے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی کی بازیابی کیلئے کچے کے علاقے میں کارروائی کیلئے اقدامات جاری ہیں، مزید تفتیش اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، متعلقہ ادارے اغواء میں ملوث گروہ کے نیٹ ورک کی چھان بین بھی کر رہے ہیں۔