چینی کمپنی امپیریل وینچرز کا 50 ہزار کلو گرام پاکستانی آم درآمد کرنے کا منصوبہ

بدھ 16 جولائی 2025 16:47

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) چینی کمپنی امپیریل وینچرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال پاکستان سے 50 ہزار کلوگرام آم درآمد کرے گی جس سے 2 لاکھ ڈالر سے زائد کا کاروبار متوقع ہے۔ یہ بات کمپنی کے ڈائریکٹر عدنان حفیظ نے بتائی۔انہوں نے بتایا کہ 3 ہزار کلوگرام پاکستانی آم کی پہلی کھیپ ارومچی ایکسپو کے دوران پاکستان پویلین میں نمائش کے لئے گزشتہ ماہ روانہ کی گئی تھی ، 2 ہزار کلو گرام کی دوسری کھیپ 7 جولائی کو چین پہنچی جبکہ تیسری کھیپ بھی تقریباً اسی مقدار میں گزشتہ روز کنمنگ شہر میں موصول ہوئی۔

عدنان حفیظ نے چین میں پاکستانی آموں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ چینی صارفین پاکستانی آم کے بڑے سائز، شوخ زرد رنگت اور بھرپور مٹھاس کو بہت پسند کرتے ہیں، یہ آم زیادہ تر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فروخت کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی ٹیم چینی مارکیٹ میں پاکستانی آموں کو متعارف کرانے کے بعد سے مصنوعات کے معیار، پیکجنگ اور سٹوریج تکنیکس کو بہتر بنانے پر مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ فروخت میں مزید اضافہ ہو سکے۔

ایئر کارگو کے زیادہ اخراجات کا ذکر کرتے ہوئے عدنان حفیظ نے بتایا کہ وہ لاگت میں کمی کی کوششیں بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی کیلئے غیر پکے آموں کو بلک پیکجنگ میں بھیجنے پر توجہ دے رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی صارفین جنوبی ایشیائی خصوصاً پاکستانی آموں میں خصوصی دلچسپی ہے اور یہ اپنے ذائقہ کی وجہ سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔