حمیرا اصغرکی پراسرارموت: پولیس کا تاحال ناکامی کا اعتراف، رپورٹ عدالت

بدھ 16 جولائی 2025 16:47

حمیرا اصغرکی پراسرارموت: پولیس کا تاحال ناکامی کا اعتراف، رپورٹ عدالت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی جنوبی کی عدالت میں اداکارہ حمیرا اصغر کی گھر سے لاش برآمد ہونے کے معاملے پر شہری کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے تفتیشی افسر سے پوسٹ مارٹم رپورٹ طلب کر لی ہے۔سماعت کے دوران ایس پی کمپلین سیل نے رپورٹ عدالت میں جمع کراتے ہوئے آگاہ کیا کہ ایس پی کلفٹن کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جاچکی ہے، جس نے اب تک متعدد افراد کے بیانات قلمبند کیے ہیں۔

تاہم رپورٹ کے مطابق تاحال کسی قسم کی واضح پیش رفت یا کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرحومہ کے اہل خانہ سے بھی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ڈی این اے اور دیگر سائنسی نمونے حاصل کرنے کے بعد لاش کو قانونی کارروائی مکمل کرکے ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ حمیرا اصغر کی موت طبعی نہیں بلکہ مشکوک حالات میں ہوئی ہے، جس سے قتل کا شبہ ہوتا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ واقعے کی ویڈیو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اداکارہ کو قتل کیا گیا، جبکہ پولیس نے بھی واقعے کو تشویشناک قرار دیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ حمیرا اصغر ایک بااثر میڈیا شخصیت تھیں، ان کے خاندان کا ان سے لاتعلقی اختیار کرنا بھی حیرت انگیز امر ہے، جس کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ اداکارہ کے خاندان کو بھی تفتیش میں شامل کیا جائے اور مقدمہ درج کر کے قانونی طور پر ممکنہ تمام پہلوں سے تحقیقات کی جائیں۔

واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایس پی کمپلینٹ سیل کو نوٹس جاری کیا تھا، جب کہ اس کیس میں ایس ایس پی ساتھ اور ایس ایچ او گزری کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے مزید تفصیلات طلب کر لی ہیں۔