Live Updates

ضلعی انتظامیہ حالیہ موسلادھار بارشوں میں نکاسی آب کیلئے متحرک رہی

بدھ 16 جولائی 2025 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے حالیہ موسلادھار بارشوں کے باوجود شہر میں نکاسی آب کے بہترین انتظامات کو یقینی بنا کر شہریوں کو بڑے پیمانے پر ریلیف فراہم کیا۔ڈی سی لاہور رات گئے سے مسلسل فیلڈ میں متحرک رہے اور خود شہر کے مختلف مقامات پر نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔

ان کی نگرانی میں واسا اور ضلعی انتظامیہ کا عملہ مشینری سمیت چوبیس گھنٹے فیلڈ میں موجود رہا،جس کے نتیجے میں لاہور کی تمام اہم شاہراہیں، انڈر پاسز، ایک موریا پل، چمڑا منڈی روڈ اور ناخدا چوک سمیت پانی جمع ہونے والے تمام مقامات کو تیزی سے کلیئر کر دیا گیا۔نشتر ٹاون میں ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیمیں فیروزپور روڈ پر سرگرم عمل رہیں جبکہ سبزی منڈی ڈسپوزل اسٹیشن پر چاروں پمپ مکمل فعال رہے،جس سے پانی کی فوری نکاسی ممکن ہوئی۔

(جاری ہے)

نالہ بھگت پورہ سے کچرا اٹھانے کا کام بھی دوبارہ شروع کر دیا گیا جو کہ صفائی کی مجموعی صورتحال میں بہتری لانے کا باعث بنا۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں نکاسی آب کی نگرانی خود کریں اور پانی جمع ہونے والے مقامات کی مستقل بنیادوں پر نشاندہی اور حل کو اولین ترجیح دیں۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ رہنے اور مکمل ہم آہنگی سے کام کرنے کی تاکید کی۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بجلی کی تاروں سے دور رہنے کی بھی ہدایت جاری کی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کی یہ بروقت اور موثر کارکردگی شہریوں کیلئے ایک مثبت مثال بنی ہے اور یہ انتظامیہ کی عوام دوست پالیسیوں کا عکاس ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :