بھارت، 114 سالہ سکھ میراتھون رنر کو گاڑی سے کچلنے والا شخص گرفتار

بدھ 16 جولائی 2025 20:35

بھارت، 114 سالہ سکھ میراتھون رنر کو گاڑی سے کچلنے والا شخص گرفتار
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) 114 سالہ معروف بزرگ ایتھلیٹ فوجہ سنگھ کی ہٹ اینڈ رن حادثے میں ہلاکت کے سلسلے میں 30 سالہ غیر مقیم بھارتی امرپال سنگھ ڈھلوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے حادثے میں ملوث ’’فورچونر‘‘ گاڑی کو بھی برآمد کرلیا ہے۔ یہ کارروائی حادثے کے صرف 30 گھنٹے بعد عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق امرپال سنگھ ڈھلوں جالندھر کی تحصیل کرتارپور کے گاؤں دسوپور کا رہائشی ہے۔

اسے منگل کی رات دیر گئے حراست میں لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مشتبہ گاڑیوں کی فہرست تیار کی گئی تھی۔ منگل کی شام ایک فورچونر کو شناخت کیا گیا جو کپور تھلہ کے رہائشی وریندر سنگھ کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔ وریندر سنگھ سے پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ اس نے یہ گاڑی دو سال قبل امرپال سنگھ ڈھلوں کو فروخت کی تھی، جو حال ہی میں کینیڈا سے واپس آیا ہے۔

(جاری ہے)

امرپال سنگھ کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ حادثے کے بعد اس نے جالندھر شہر سے بچ کر مختلف دیہی راستوں سے گزر کر اپنے گاؤں دسوپور پہنچنے کی کوشش کی تاکہ گرفتاری سے بچ سکے۔ تفتیش کے دوران امرپال سنگھ نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ مکریاں سے اپنا موبائل فون فروخت کر کے واپس آ رہا تھا جب بیاس پنڈ کے قریب ایک بزرگ کو گاڑی سے ٹکر مار دی۔ ملزم نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسے معلوم نہیں تھا کہ جس شخص کو گاڑی سے ٹکر لگی وہ لیجنڈری رنر فوجہ سنگھ ہیں۔ اس واقعے کی خبر اسے بعد میں میڈیا رپورٹس سے ملی۔