انگلینڈ نے چوتھے ٹیسٹ کے لیے لیام ڈاسن کو ٹیم میں واپس بلا لیا

بدھ 16 جولائی 2025 16:34

انگلینڈ نے چوتھے ٹیسٹ کے لیے لیام ڈاسن کو ٹیم میں واپس بلا لیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) انگلینڈ کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر لیام ڈاسن کو بھارت کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں شیڈول پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے لئے انگلینڈ کے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ 35 سالہ بائیں ہاتھ کے سپنر لیام ڈاسن بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں شعیب بشیر کی جگہ ٹیم کی نمائندگی کریں گے ۔

شعیب بشیر بائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔35 سالہ لیام ڈاسن نے انگلینڈ کے لیے آخری ٹیسٹ جولائی 2017 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ گزشتہ دو سالوں میں ہیمپشائر کے لیے مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2023 اور 2024 میں پی سی اے پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اب تک صرف تین ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی ہے اور اس دوران انہوں نے 7وکٹیں حاصل کیں ہیں۔

دریں اثنا باؤلرز ثام کک اور جیمی اوورٹن کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے کے لیے اپنی اپنی کاؤنٹیز میں واپس آگئے ہیں۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ(ای سی بی)کے مینز نیشنل سلیکٹر لیوک رائٹ نے لیام ڈاسن کے انتخاب پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہیمپشائر کے کھلاڑی نے ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ لیوک رائٹ نے کہا کہ لیام ڈاسن اپنے کال اپ کے واقعی مستحق ہیں ۔ لیام ڈاسن نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کو ٹیم میں واپس بلایا گیا ہے ۔

وہ ہیمپشائر کے لیے تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے تھے۔انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ سے قبل اعلان کردہ سکواڈ میں کوئی اور تبدیلی نہیں کی ہے۔چوتھے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے والی برطانوی کرکٹ ٹیم میں بین سٹوکس (کپتان)، جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، جیکب بیتھل، ہیری بروک، برائیڈن کارس، زیک کرولی، لیام ڈاسن، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، جیمی سمتھ، جوش ٹونگ اور کرس ووکس شامل ہیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ 23 سے 27 جولائی تک ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔\932