اے سی سی اجلاس، بنگلا دیش نے بھی بھارتی دباؤ مسترد کر دیا

بدھ 16 جولائی 2025 22:32

اے سی سی اجلاس، بنگلا دیش نے بھی بھارتی دباؤ مسترد کر دیا
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء)بنگلا دیش نے ایشین کرکٹ کونسل میٹنگ کی ڈھاکا سے منتقلی کے لیے بھارتی دباؤ مسترد کر دیا۔بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اجلاس سے پہلے مقام تبدیل کرنے کی افواہوں کو مسترد کر دیا۔منگل کو جاری کردہ بیان میں بی سی بی چیف نے کہا کہ ان افواہوں کی سختی سے تردید کی کہ آنے والی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی سالانہ جنرل میٹنگ کا مقام تبدیل کر کے دبئی منتقل کرنا پڑسکتا ہے اور واضح کیا کہ یہ اجلاس طے شدہ شیڈول کے مطابق 24 جولائی کو ڈھاکا میں منعقد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی اجلاس میں شرکت غیر یقینی تھی اور کہا جا رہا تھا کہ سیاسی کشیدگی کے باعث یہ اجلاس دبئی منتقل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

امین الاسلام نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ تمام تیاریاں مکمل ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ تمام اراکین ممالک اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ کی وجہ سے حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان کئی ایسے اقدامات ہوئے ہیں جس سے تلخی بڑھی ہے۔

امین الاسلام نے مزید کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل ایشیا میں کرکٹ کی گورننگ باڈی ہے اور ہم نے پہلے کبھی کوئی بڑا اجلاس یہاں منعقد نہیں کیا، ہم 23 جولائی کو رسمی عشائیے کا اہتمام کریں گے اور 24 جولائی کو اے سی سی کی جنرل میٹنگ ڈھاکا میں طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگی، تقریباً ہر ملک کی شرکت متوقع ہے، ہمارے لیے یہ بڑا اعزاز ہے اور اب تک ہر چیز منصوبے کے مطابق ہو رہی ہے، مزید معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

بھارت کی جانب سے نمائندہ بھیجنے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے لیکن امین الاسلام کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کا کوئی نمائندہ ذاتی طور پر شریک نہیں ہو سکتا تو انھیں آن لائن شرکت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔یاد رہے کہ بھارت نے اے سی سی سے میٹنگ کسی اور ملک منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے لیے اسے سری لنکا کی بھی حمایت حاصل رہی۔بھارتی میڈیا کی جانب سے ذرائع کے حوالے سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر میٹنگ بنگلا دیش سے منتقل نہیں کی گئی تو بھارت ایشیا کپ سے دستبردار ہوکر اپنے ملک میں ستمبر میں ٹرائنگولر سیریز کا انعقاد کر سکتا ہے۔