وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا

بدھ 16 جولائی 2025 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء)وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا، کامیابی کا مجموعی تناسب 88.51 فیصد رہا، سائنس گروپ میں تینوں پوزیشنز طالبات لے اڑیں۔وفاقی نظامت تعلیمات کا کوئی ادارہ پوزیشن حاصل نہیں کر سکا۔ وفاقی تعلیمی بورڈ نے سال 2025 کے نہم و دہم کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا، سائنس گروپ میں آرمی پبلک اسکول ویسٹریج کی طالبہ مریم ندیم نے 1093 نمبر کے ساتھ پہلی، لاہور گرامر اسکول کی آمنہ ناصر نے 1087 نمبر لیکر دوسری اور ایمالہ فاؤنڈیشن اسکول مصریال کی صالحہ ثاقب اور اے پی ایس اٹک کی ہانیہ ایمان وحید نے 1083 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ہیومنیٹیز گروپ میں شائننگ اسٹار اسکول کی ثناء بی بی نے 1045 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، ادارہ علوم اسلامی کے عبدالرحمان نے 1029 نمبر کر دوسری اور ادارہ علوم اسلامی کے ہی محمد سفیان احمد نے 1022 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

وفاقی نظامت تعلیمات کا کوئی ادارہ پوزیشن حاصل نہیں کر سکا، امتحانات میں اس بار کامیابی کی شرح 88.51 فیصد رہی، سالانہ امتحانات میں 2 لاکھ 84 ہزار 37 طلباء نے حصہ لیا۔

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے امتحانی نتائج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء کیلئے آج اہم دن ہے، آج کے دور میں تعلیم کے معیارات اور تقاضے بدل چکے ہیں۔چین نے اپنی آبادی کو بوجھ کے بجائے اپنی طاقت بنایا، دنیا کے حساب سے خود کو بہتر کرنا ہوگا ورنہ پیچھے رہ جائیں گے۔