Live Updates

رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کا اجلاس

بدھ 16 جولائی 2025 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کا اجلاس بدھ کو چیئرمین کمیٹی و رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی رانا عرفان شریف خان کی جانب سے پیش کردہ ’’پارلیمانی بجٹ آفس بل 2025‘‘پر غور کیا اور تفصیلی جائزے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی۔

اس ذیلی کمیٹی کی کنوینر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ ہوں گی جبکہ اراکین میں علی زاہد، ارشد عبداللہ وہرہ اور محمد مبین عارف شامل ہوں گے۔ ذیلی کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔کمیٹی نے سیکرٹری صنعت و پیداوار کی اجلاس میں عدم شرکت پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور الیکٹرک وہیکل پالیسی سے متعلق ایجنڈا آئٹم کو موخر کر دیا۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی جانب سے پیش کردہ ’’کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبیلیٹی بل 2025‘‘پر ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جسے کمیٹی نے منظور کر لیا تاہم اس رپورٹ پر تفصیلی بحث آئندہ اجلاس تک ملتوی کر دی گئی۔کمیٹی نے متفقہ طور پر اپنے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دے دی۔اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکین میں رانا عرفان شریف خان، سید سمیع الحسن گیلانی، علی زاہد، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، مرزا اختیار بیگ، محمد جاوید حنیف خان، ارشد عبداللہ وہرہ، محمد مبین عارف اور اسامہ احمد میلہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور سوالات پیش کرنے والے اراکین سید رفی اللہ اور عالیہ کامران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزارت خزانہ و محصولات کے سیکرٹریز اور دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات