حیدرآباد شہر کے تمام 152 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے،چیف ایگزیکٹیو آفیسر حیسکو

بدھ 16 جولائی 2025 20:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) چیف ایگزیکٹیو آفیسر حیسکو فیض اللہ ڈاہری نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران 132 کے وی کے 12 ٹاورز گرنے سے 6 گرڈاسٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی، جن میں سے 5 گرڈاسٹیشنوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے جبکہ صرف ایک گرڈاسٹیشن کی بحالی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد شہر کے تمام 152 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

فیلڈ اسٹاف اور افسران نے مکمل سیفٹی قوانین کے تحت متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا کام انجام دیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے حیسکو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ چیف ایگزیکٹو فیض اللہ ڈاہری نے ایس پی چوک پر 11 کے وی کینٹ فیڈر اور پولی 2 فیڈر کے گرنے والے پولز کی مرمت کے کام کا معائنہ کیا اور ایکسین گاڑی کھاتہ ظفر سولنگی اور ان کی ٹیم کو شاباشی دی۔

(جاری ہے)

دونوں فیڈرز سے بجلی 15 جولائی بروز منگل رات 9 بجے سے قبل بحال کر دی گئی۔حیسکو ترجمان کے مطابق 5 ٹاورز گرنے سے سیہون، پارکو، شالمانی اور کھانوٹ کے گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے جبکہ 132 کے وی ڈبل سرکٹ ہائی ٹرانسمیشن لائن کے 7 ٹاورز (نمبر 48 تا 54) راہوکی اور ٹنڈوالہیار کے درمیان گرنے سے شیخ بھرکیو، ٹنڈوالہیار، سلطان آباد اور چمبڑ گرڈاسٹیشنز کی بجلی متاثر ہوئی۔

ہنگامی بنیادوں پر ان ٹاورز کی تنصیب کا کام جاری ہے اور امید ہے کہ یہ کام 20 جولائی بروز اتوار مکمل کر لیا جائے گا۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی عارضی بحالی سانگھڑ سے میرپورخاص کی متبادل لائن سے بیک فیڈنگ کے ذریعے کر دی گئی ہے اور لوڈ مینجمنٹ کے تحت بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کا کام چیف انجینئر رمیش کمار اور چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر طفیل حسین میربحرکی نگرانی میں جاری ہے۔ حیسکو انتظامیہ نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ عملے سے تعاون کریں، بجلی کے بل بروقت ادا کریں اور بجلی کو قانونی طریقے سے استعمال کریں کیونکہ حیسکو ایک کمرشل ادارہ ہے جو بجلی خرید کر صارفین تک پہنچاتا ہے۔