آزاد کشمیر میں اگلے 24گھنٹوں میں شدید سیلاب کا خدشہ، الرٹ جاری

دریائے جہلم میں دوران شدید طغیانی کا خدشہ، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا انتباہ جاری کر دیا گیا

بدھ 16 جولائی 2025 21:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)آزاد کشمیر میں ہونے والی بارشوں کے باعث شدید سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات ،فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دریائے جہلم اور معاون ندی نالوں میں اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران شدید طغیانی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا انتباہ جاری کر دیا۔

آزاد جموں و کشمیر کی اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دریائے جہلم اور اس کے معاون ندی نالوں میں اگلے 24گھنٹوں کے دوران شدید سیلابی صورتحال کی پیشگوئی کر دی ہے۔محکمہ موسمیات اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویڑن کے مطابق دریائے جہلم کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث منگلا کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے تین لاکھ سے ساڑھے چار لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے جس سے انتہائی خطرناک سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایس ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ زیریں علاقوں میں رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، پولیس اور دیگر ہنگامی خدمات کو 48گھنٹے تک ہائی الرٹ پر رکھا جائے۔ترجمان ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں گاڑیوں کی آمدورفت کو محدود کرنے اور سیاحوں کو خطرات سے آگاہ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔