شامی وزارت داخلہ کی دارالحکومت دمشق اور صوبہ سویدا میں اسرائیلی حملوں کی مذمت

جمعرات 17 جولائی 2025 11:00

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) شام نے دارلحکومت دمشق اور سویداصوبے میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات شام کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہی۔ بیان میں کہا گیا کہ نئی اسرائیلی جارحیت سرکاری اداروں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والی خلاف ورزیوں کے ایک طویل سلسلے میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

یہ حملے شام اور خطے میں کشیدگی اور افراتفری کو ہوا دینے اور سلامتی کو کمزور کرنے کی ایک منظم کوشش ہے۔ وزارت نے کہا کہ شام اس جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسرائیل کو موجودہ کشیدگی کا مکمل ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔ یہ حملے اسرائیلی ریاست کی ایک مستقل پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصد خطے کو مزید کشیدگی کی طرف دھکیلنا اور عدم استحکام کا ایک مستقل ماحول پیدا کرنا ہے۔ شامی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ دمشق بین الاقوامی قانون کے تحت دستیاب تمام ذرائع اور مناسب وقت اور طریقے سے اپنی سرزمین اور عوام کا دفاع کرنے کا اپنا جائز حق محفوظ رکھتا ہے۔