امریکی درخواست کے بعدشام کا صوبہ سویدا سے افواج کے انخلا کا اعلان

جمعرات 17 جولائی 2025 13:43

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) شام نے اعلان کیاہے کہ اس کی فوج نےتشدد سے متاثرہ صوبہ سویدا سے انخلا شروع کر دیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ بات شام کی وزارت دفاع نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہی۔ بیان میں بتایا گیا کہ شام کے دارالحکومت دمشق پر اسرائیلی حملوں کی لہر اور حکومتی افواج کوسویدا سے نکل جانے کے امریکی مطالبے کے بعد شامی فوج نے سویدا سے انخلا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت دفاع نے کہا کہ شامی فوج نے شہر میں غیرقانونی گروہوں کے خلاف چھاپے کے خاتمے کے بعد طے پانے والے معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے سویدا شہر سے انخلا شروع کر دیا ہے۔ بیان میں دیگر سرکاری سکیورٹی فورسز کے انخلا کا ذکر نہیں کیا گیا۔شامی صدارت نے سویدا میں ہونے والے گھناؤنے فعل کی تحقیقات کرنے اور ملوث تمام افراد کو کو سزا دینے کا عزم کیا ہے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ صوبہ سویدا میں تشدد کے باعث 350 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سرکاری فوج، مقامی جنگجو اور 27 دروز شہری بھی شامل تھے۔