ینگ لائرز ایسوسی ایشن کے 57 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا دورہ

جمعرات 17 جولائی 2025 16:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) ینگ لائرز ایسوسی ایشن کے 57 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا دورہ کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق سینیٹ کے اعلیٰ حکام نے پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، قانون سازی کے مراحل اور سینیٹ کے کردار سے آگاہی فراہم کی۔وفد کو سینیٹ میوزیم کا تفصیلی دورہ کرایا گیا جہاں انہیں سینیٹ کے ارتقائی سفر، آئینی کردار، پارلیمانی روایات اور قانون سازی کے عمل پر ایک جامع ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفد نے گلی دستور کا بھی دورہ کیا، جہاں پاکستان کے آئینی پس منظر، تاریخی دستاویزات اور اہم قومی لمحات کی تصویری و دستاویزی جھلک دکھائی گئی۔بعد ازاں، وفد کو سینیٹ ہال لے جایا گیا جہاں انہیں سینیٹ اجلاس کی کارروائی، اور قانون سازی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ ینگ لائرز (وکلاء) ایسوسی ایشن کے وفد نے اس دورے کو انتہائی مفید اور علمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تجربے سے ان کی قانونی اور پیشہ ورانہ استعداد میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے سینیٹ حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے تربیتی مواقع نوجوان وکلاء کی بہتر رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔