بالائی علاقوں کے لوگوں کے مسائل کے حل انکے گھر کی دہلیز پر یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ،ڈپٹی کمشنر استور

جمعرات 17 جولائی 2025 17:20

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) اظہار ڈپٹی کمشنر استور محمد اویس عباسی نے کہا ہے کہ استور کے بالائی علاقوں کے لوگوں کے مسائل کے حل انکے گھر کی دہلیز پر یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ استور کی اولین ترجیح ہے اوراس حوالے سے ضلعی انتظامیہ استور کی جانب سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےاسسٹنٹ کمشنر آفس شونٹر میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کھلی کچہری میں بڑی تعداد میں اہلیان تریشنگ اہلیان میرملک اہلیان کشونت سیاسی رہنما فہد حنیف کی سربراہی میں اہلیان ضلعے بالا ایڈوکیٹ محمد طارق نصراللہ بابر نے شرکت کی اوراپنے مسائل کی نشاندہی کی۔ سیاسی رہنما رانا محمد فاروق اور فہد حنیف ، و دیگر نمائندوں کی جانب سے تفصیلی طور پر مسائل کی نشان دہی کی گئی۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں ضلعی محکمہ جات کے افسران بھی موجود رہے اور لوگوں کے مسائل کے حل کےحوالے سے موقع پر سوالات کے جوابات دیے۔

ڈپٹی کمشنر استور اویس عباسی نے لوگوں کی شکایات سنیں اور متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو موقع پرمسائل کے حل کے حوالے سےہدایات جاری کیے اس کے علاؤہ بڑی تعداد میں لوگوں کی شکایات کو بھی نوٹ کیا گیا جن کے حل کے لیے متعلقہ محکمہ جات سے رپورٹس طلب کی جائیں گی۔ اہلیان سب ڈویژن شونٹر نے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہا اور مستقبل میں مزیدکھلی کچہریوں کے انعقاد پر زور دیا۔

کھلی کچہری میں ایس ایس پی استور وزیر نیک عالم اسسٹنٹ کمشنر شونٹر تنویر احمد ایکسن محکمہ تعمرات عامہ ایکسن واٹر ان پاور ریونیوسٹاف اوردیگر افسران نے شرکت کی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے استور ہیڈ کواٹر کے ساتھ ساتھ بالاٸی علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے تا کہ دورافتادہ علاقے کے لوگوں کے مسائل کو ترجیعی بنیادوں پر حل کیا جائے۔