چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کا کلر سیداں ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ

جمعرات 17 جولائی 2025 18:07

کلرسیداں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی کا کلر سیداں ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، مریضوں سے براہ راست ملاقات، مسائل پر بریفنگ، ان کے ہمراہ ہسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عابدہ پروین بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر احسان غنی نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، ان پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ جنرل وارڈز، لیبر روم اور ای پی آئی سیکشن سمیت مختلف یونٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں موجود مریضوں سے براہ راست ملاقات کی، ان کی شکایات اور سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور مریضوں کے علاج و معالجے سے متعلق فلاحی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہسپتال کی صفائی، اسٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ایم ایس ڈاکٹر عابدہ پروین نے سی ای او ہیلتھ کو ہسپتال میں درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں (نان میڈیکل اسٹاف) اور کمپیوٹر آپریٹرز کی خالی آسامیوں کا خاص طور پر ذکر کیا گیا۔

ڈاکٹر عابدہ نے بتایا کہ اسٹاف کی کمی کے باعث ہسپتال کی انتظامی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے اور فوری بھرتیوں کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر احسان غنی نے یقین دہانی کروائی کہ ہسپتال کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، بالخصوص انسانی وسائل کی کمی کو جلد پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔\378

متعلقہ عنوان :