Live Updates

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نوشہروفیروز کا اجلاس ،مون سون بارشوں اور سیلاب سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات کا جائزہ

جمعرات 17 جولائی 2025 18:07

نوشہرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نوشہروفیروز کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین و ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم کی زیر صدارت ان کے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں معلومات دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے اس سال مون سون کی مزید بارشوں کے امکان سے خبردار کرتے ہوئے مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو کہا ہے۔ اس لیے محکمہ آبپاشی سمیت تمام محکمے بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ مختلف محکموں سے قریبی رابطہ رکھیں اور کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے مقامی حکومت کے افسران سے کہا کہ وہ متوقع بارشوں کے دوران شہروں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں اور نکاسی آب کے نظام اور پمپنگ اسٹیشنوں کو فعال رکھیں اور انہیں چلانے کے لیے متبادل توانائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے محکمہ پبلک ھیلتھ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام پمپنگ اسٹیشنوں کی ضروری مرمت اور بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے کہا کہ وہ مون سون کی بارشوں کے دوران صحت کی بنیادی اور ضروری سہولیات بشمول اے ایس وی اور اے آر وی ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ریسکیو 1122 کے انچارج کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون صدام حسین میمن، ایڈیشنل ڈی سی (II) غلام علی، ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام قادر چانڈیو، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالجبار ٹگر، ایکسن سیپکو نوشہرہ فیروز، مورو، پی ڈی اسکارپ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔\378
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات