سوشل میڈیا، خطبات اور علمی نشستوں میں شائستہ زبان اور عمدہ انداز اختیار کیا جائے‘حافظ محمد ابراہیم نقشبندی

جمعرات 17 جولائی 2025 18:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)معروف روحانی و اصلاحی شخصیت حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے کہا کہ سوشل میڈیا ، خطبات اور علمی نشستوں میں شائستہ زبان کا استعمال،مقدسات اورمقدس ہستیوں کا احترام اور عمدہ انداز کو اختیار کیا جائے ،اختلافِ رائے میں بھی حسنِ نیت، ادب، دلیل اور خیر خواہی کا پہلو غالب ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانقاہ انبالہ ہاؤس ٹاؤن شپ لاہور میں اصلاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ اختلاف کو برداشت کرنا، سننا، سمجھنا اور اس سے سیکھنا ایک مؤمن کی علامت ہے انہوں نے کہا کہ ہماری علمی روایت برداشت، عزت اور وسعتِ ظرف پر قائم ہے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے اداروں، دعوتی مراکز اور دینی حلقوں میں اختلاف کے آداب کو سیکھیں، اپنائیں اور دوسروں کو بھی سکھائیں، حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نرم دلی،دین کا فہم، وسعتِ ظرف اور اعلیٰ کردار عطا فرمائے تاکہ ہم اختلاف کے باوجود ایک امت بن کر رہ سکیں۔