پرانی دشمنی بھنگوار برادری کے 6 افراد کی جانیں لے گئی

ایک ہی برادری کے افراد نے پرانی دشمنی کے باعث اپنے مخالفین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی

Shahbaz Ali Asadi شہباز علی اسدی جمعرات 17 جولائی 2025 17:40

نواب شاہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) بی سیکشن تھانے کی حدود میں کیریا موری کے قریب کینچی پل کے نزدیک بھنگوار برادری کے افراد کے مابین پرانی دشمنی نے خونریزی کی شکل اختیار کر لی اطلاعات کے مطابق، ایک ہی برادری کے افراد نے پرانی دشمنی کے باعث اپنے مخالفین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئےجاں بحق افراد کی شناخت شہباز علی ولد غلام مصطفی بھنگوار، حبدار علی ولد غلام مصطفی بھنگوار، فرمان علی ولد شاہ علی بھنگوار، رجب علی ولد غلام مصطفی بھنگوار، یار محمد ولد شاہ علی بھنگوار اور قربان علی ولد شاہ علی بھنگوار کے نام سے ہوئی ہے۔

تمام مقتولین کا تعلق گپچانی سے بتایا جاتا ہے پولیس ذرائع کے مطابق، مقتولین 2022 میں اسماعیل بھنگوار کی جانب سے دائر کئے گئے مقدمے کی پیشی پر کورٹ جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے حملہ آوروں نے انہیں نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

مزید انکشاف ہوا ہے کہ 2010 میں اسماعیل بھنگوار کے والد سمیت دو افراد کے قتل کا الزام بھی انہی مقتولین پر تھا لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے پوسٹ مارٹم کے لیے پی ایم سی اسپتال نواب شاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ پولیس نے صورت حال پر قابو پانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔جبکہ پولیس نے بھاری مشینری کے زریعے ملزمان کے پورے گاؤں کو منہدم کرکے جھونپڑیوں کو نذرآتش کردیا ہے۔