موٹروے ایم 6، ایم 10، کاغان، ناران شاہراہ سمیت 5 میگا منصوبوں پر کام تیز کیا جائے ،وفاقی وزیرمواصلات

این ایچ اے 150 ارب روپے نئی شاہراہوں کی تعمیر پر لگائے گی، بلوچستان کے لئے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، عبدالعلیم خان

جمعرات 17 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)ملک بھر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو سکھر۔حیدرآباد موٹروے ایم 6، نادرن بائی پاس ایم 10اور کاغان، ناران سمیت 5میگا منصوبوں پر کام تیز کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ وزارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ چاروں صوبے یکساں اہمیت کے حامل ہیں اور این ایچ اے کو قومی ترجیحات کے مطابق اپنا ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال بلوچستان کے لئے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں این 25 سمیت دیگر شاہراہوں کی تعمیر پر تیزی سے کام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئی موٹرویز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنایا جائے اور ایسے منصوبے جن کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، کی تکمیل کی ڈیڈ لائن کا تعین کریں تاکہ وزیر اعظم ان کا افتتاح کر سکیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کے ریونیو میں ریکارڈ اضافے کو خوش آئند قرار دیا اور ادارے کو آئندہ سال کے نئے اہداف دیتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے کو 150 ارب روپے اپنے وسائل سے نئی شاہراہوں کی تعمیر پر لگانا ہوں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے چاروں صوبوں کے لئے مختلف منصوبوں کی سفارشات کی منظوری دی۔ اسی طرح انہوں نے گلگت بلتستان کے لئے تمام نئے منصوبوں کو منظور کرتے ہوئے کشادہ سڑکوں، ویٹنگ ایریاز اور حفاظتی باڑکی تعمیر کے احکامات جاری کیے۔ این ایچ اے کے اعلیٰ سطحی اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور-قصور روڈ کا رائے ونڈ سے کوئی تعلق نہیں۔وفاقی سیکرٹری مواصلات ،چیئرمین این ایچ اے اور دیگر افسران نے اہم محکمانہ امور اور ملک بھر میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار سے آگاہ کیا جبکہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو نیا فنانشنل پلان مرتب کرنے اور نئی شاہراہوں کی تعمیر کے حوالے سے مختلف منصوبوں کی فزیبلٹی بنانے کا ٹارگٹ بھی دیا۔