وائس چانسلر جامعہ قراقرم کے زیر صدارت اجلاس کا انعقاد،طلبہ تبادلہ پروگرام کے تحت یونان فارسٹری ٹیکنالوجیکل کالج چائنہ جانے کے انتظامات کا جائزہ لیا

جمعرات 17 جولائی 2025 20:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی سربراہی میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں طلبہ تبادلہ پروگرام کے تحت دوسمسٹر کے لیے یونان فارسٹری ٹیکنالوجیکل کالج چائنہ جانے والے جامعہ کے طلبہ و طالبات سے متعلق انتظامات کا بغور جائزہ لیا گیا۔

شعبہ تعلقات عامہ جامعہ قراقرم کے مطابق اجلاس میں وائس چانسلر کے ہمراہ جامعہ کے سینئر افسران نے شرکت کی اور پروگرام کے موثر انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جامع تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد طلبہ تبادلہ پروگرام کے تحت چائنہ جانے والے طلبہ کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنانا تھا۔ واضح رہے کہ جامعہ قراقرم اور یونان فارسٹری ٹیکنالوجیکل کالج چائنہ کے درمیان طلبہ تبادلہ پروگرام کے حوالے سے باہمی تعاون کا ایک معاہدہ طے پایا ہے،اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات کے طلبہ ایک سال کے لیے ایک دوسرے کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت جامعہ قراقرم کے طلبہ چائنہ جائیں گے جبکہ یونان فارسٹری ٹیکنالوجیکل کالج کے طلبہ جامعہ قراقرم میں تعلیم حاصل کریں گے۔اجلاس میں وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے اس پروگرام کو دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی روابط کو مضبوط کرنے کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام طلبہ کو نہ صرف جدید تعلیمی مواقع فراہم کرے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی افہام و تفہیم کو بھی فروغ دے گا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس پروگرام کے تحت طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور تحقیق کے مواقع میسر ہوں گے جو ان کے مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ طلبہ کو بہترین تعلیمی تجربہ حاصل ہو۔