چینی قونصل جنرل کا ملتان میں مینگو ریسرچ سنٹر اور ماڈل ایگری مال کا دورہ

جمعرات 17 جولائی 2025 20:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے جمعرات کے روز مینگو ریسرچ سنٹر ملتان کا دورہ کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی ،سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز خان مگسی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل کو بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ خوشبو اور ذائقے کےحوالےسے جنوبی پنجاب کے آم کا کوئی ثانی نہیں ہے،چونسا اور سندھڑی معروف ورائٹی کے آم یورپ اور خلیجی ممالک کو برآمد کئے جاتے ہیں، بریفنگ میں آم کی فصل پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور دیگر چیلنجز کا بھی ذکر کیا گیا۔

زاو شیریں کو بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا 98 فیصد آم، 94 فیصد کپاس پیدا کرتا ہے، یہ خطہ 75فیصد سورج مکھی،73 فیصد پیاز اور 59 فیصد کھجور بھی پیدا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

چینی قونصل جنرل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سے چین آم کی درآمد شروع کی جارہی ہے، چائنا میں پہلے دیگر ممالک سے بھی آم درآمد کیا جاتا تھا، قونصل جنرل نے اس موقع پر آموں کی اپنے سیل فون سے تصویریں بنائیں۔

بعد ازاں انہوں نے ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا۔چینی قونصل جنرل کو منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔زاو شیریں نے کہا کہ ماڈل ایگری مال زرعی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ ایگری مال زرعی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور خودکفالت کی جانب اہم قدم ہے۔جہاں کسانوں کو ایک ہی جگہ مشینری، تربیت، معلومات اور مارکیٹنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔