یوکرین: موسم سرما کی مشکلات سے نمٹنے کے لیے 277 ملین ڈالر کی اپیل

یو این جمعہ 18 جولائی 2025 03:30

یوکرین: موسم سرما کی مشکلات سے نمٹنے کے لیے 277 ملین ڈالر کی اپیل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 18 جولائی 2025ء) اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے موسم سرما میں یوکرین کی امدادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 277 ملین ڈالر کے وسائل کی اپیل کی ہے جبک ملک میں جنگ بدستور جاری ہے اور اہم شہری تنصیبات متواتر حملوں کی زد میں ہیں۔

یوکرین میں لاکھوں لوگوں کے پاس حرارت کا قابل بھروسہ انتظام نہیں ہے جنہیں آئندہ مہینوں میں کڑی سردی کا سامنا ہو گا۔

بہت سے لوگ بڑھتے ہوئے روزمرہ اخراجات کو پورا کرنے کے ذرائع سے محروم ہیں۔ محاذ جنگ کے قریبی علاقوں میں رہنے والے اور اجتماعی پناہ گاہوں میں مقیم لوگوں کی صورتحال کہیں زیادہ خراب ہے۔

Tweet URL

یوکرین کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار میتھائس شمل نے کہا ہے کہ طلب کردہ امدادی وسائل سے اکتوبر تا مارچ 17 لاکھ لوگوں کی مختلف النوع ضروریات پوری کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں بچوں، معمر افراد اور جسمانی طور پر معذور لوگوں کو مدد پہنچانے پر خاص توجہ دی جائے گی۔

متوقع امدادی اقدامات

رابطہ کار نے بتایا ہے کہ آئندہ مہینوں میں شدید سردی پڑنے کے باعث ملک بھر میں لاکھوں لوگوں کو حرارت کی ضرورت ہو گی۔ ایسے میں میدان جنگ کے قریبی علاقوں اور بدحال بے گھر آبادیوں کی ضروریات کہیں بڑھ جائیں گی۔

امدادی ادارے لوگوں کو گھروں میں سردی کا گزر روکنے کے لیے ضروری مرمت کرنے، تباہ حال مکانات کی بحالی اور گھرانوں کو حرارتی آلات، ایندھن، کمبل اور گرم کپڑے فراہم کرنے میں مدد دیں گے۔ پناہ گاہوں کو شدید سردی سے بچاؤ کے لیے تیار کیا جائے گا، لوگوں کو حرارت کے حصول اور روزمرہ ضروری اخراجات کے لیے نقد امداد فراہم کی جائے گی اور انتہائی خطرات کی زد میں آنے والے علاقوں میں خدمات کو مربوط بنایا جائے گا۔

اجتماعی پناہ گاہوں کی مرمت

انہوں نے کہا ہے کہ جنگ کے دوران ہر موسم سرما میں یوکرین کے لوگوں پر بوجھ بڑھ جاتا ہے جو فروری 2022 سے جاری لڑائی میں نڈھال ہو چکے ہیں۔ جن علاقوں میں شدید ترین سردی پڑتی ہے وہ شمال اور مشرقی یوکرین میں میدان جنگ کے قریب واقع ہیں۔ متواتر حملوں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی نے ان کی مشکلات کو دوچند کر دیا ہے۔

میتھائس شمل نے کہا ہے کہ اجتماعی پناہ گاہوں میں رہنے والے بے گھر لوگوں کو بھی موسم سرما میں مشکل ترین حالات کا سامنا ہو گا۔ ایک حالیہ جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسی 60 فیصد پناہ گاہوں میں لوگوں کو ضروری تحفظ اور سہولیات مہیا کرنے کے لیے خصوصی مرمت اور مدد درکار ہے۔