بھارت کے جوہری صلاحیت کے حامل کم فاصلے تک مار کرنے والےپرتھوی۔2 اوراگنی ۔1 میزائلوں کے تجربات،کامیابی کا دعویٰ

جمعہ 18 جولائی 2025 10:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) بھارت نے جوہری صلاحیت کے حامل کم فاصلے تک مار کرنے والے’’پرتھوی ۔2ٹو‘‘اور ’’اگنی ۔1‘‘ کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق یہ تجربے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات ریاست اڑیسہ کے علاقے چندی پور میں واقع انٹیگریٹڈ ٹیسٹ رینج (آئی ٹی آر) سے کئے گئے۔بھارتی وزارت دفاع کے مطابق یہ تجربے سٹریٹجک فورسز کمانڈ کی نگرانی میں کئے گئے ،کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں پرتھوی-2 اور اگنی-1، کو 17 جولائی کو اڑیسہ کے شہر چندی پور میں انٹیگریٹڈ ٹیسٹ رینج سے لانچ کیا گیا۔

ان لانچز میں تمام عملی اور تکنیکی پہلوؤں کی کامیابی سے تصدیق کی گئی ہے ۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس کامیابی پر انڈین فوج، ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) اور وزارت دفاع کو خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دو روز قبل ( بدھ کو )بھی بھارت نے لداخ میں آکاش پرائم میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ وزارت دفاع کے مطابق یہ جدید فضائی دفاعی میزائل نظام 4,500 میٹر سے بلند علاقوں میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پرتھوی-2میزائل کی رینج تقریباً 350 کلومیٹر ہے اور یہ 500 کلوگرام تک ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل روایتی اور جوہری دونوں طرح کے وار ہیڈز لے جانے کے قابل ہے۔اگنی-1میزائل کی رینج 700 سے 900 کلومیٹر تک ہے اور یہ 1,000 کلوگرام تک کا وار ہیڈ لے جا سکتا ہے۔ یہ دونوں میزائل بھارت کی جوہری دفاعی صلاحیت کا اہم حصہ ہیں۔