Live Updates

پی ڈی ایم اے پنجاب کا پوٹھوہار ریجن میں بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن، ایک ہزار سے زائد شہری محفوظ مقامات پر منتقل

جمعہ 18 جولائی 2025 11:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گزشتہ روز پوٹھوہار ریجن میں موسلا دھار بارشوں اور سیلابی صورت حال کے پیش نظر بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشنز کئے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں غیر معمولی بارشوں کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کی گئی۔

پوٹھوہار ریجن میں ایک ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ صرف جہلم میں 398 شہری ریسکیو کیے گئے جن میں سے 160 کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔ چکوال میں کلاوڈ برسٹنگ کے باعث پھنسے 209 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں سے 27 شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ اسی طرح راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے 450 شہریوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جبکہ نالہ لئی سے 6 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق بروقت ریسکیو آپریشنز سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی ہے اور مون سون کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہوگا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات