Live Updates

جاپان میں چاول کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ

جمعہ 18 جولائی 2025 11:35

جاپان میں چاول کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) جاپان میں چاول کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جاپان میں چاول کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے اور چاول کی قیمتوں میں رواں سال جون کے مہینے میں سالانہ بنیاد پر 99.2 فیصد اضافہ ہوا جس سے وزیرِاعظم شیگیرو ایشیبا پر اس ہفتے ہونے والے انتخابات سے قبل دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

جاپان میں رواں سال مئی میں چاول کی قیمتیں سالانہ بنیاد پر 101 فیصد، اپریل میں 98.4 فیصد اور مارچ میں 92.5 فیصد سے زیادہ بڑھ چکی ہیں۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاپان کی مجموعی بنیادی مہنگائی کی شرح جون میں کم ہو کر 3.3 فیصد پر آ گئی جو مئی میں 3.7 فیصد تھی،یہ شرح جس میں تازہ خوراک کی قیمتیں شامل نہیں ، مارکیٹ کی متوقع 3.4 فیصد شرح سے کچھ کم رہی اور اگر توانائی اور تازہ خوراک دونوں کو نکال دیا جائے تو صارفین کے لئے دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ 3.4 فیصد رہا، جو مئی میں 3.3 فیصد تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شیگیرو ایشیبا کی حکومت کی عوامی حمایت اکتوبر میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، جس کی بڑی وجہ مہنگائی خصوصاً چاول کی بڑھتی قیمتیں اور حکمران جماعت میں بدعنوانیوں کے اسکینڈلز ہیں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات