شامی حکومت کا سویدا میں سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کا اعلان

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 18 جولائی 2025 14:00

شامی حکومت کا سویدا میں سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کا اعلان
  • اسرائیل نے سویدا کے قریب تازہ فضائی حملوں کی تردید کر دی
  • شامی حکومت کا سویدا میں سکیورٹی فورسز کی دوبارہ تعیناتی کا اعلان

اسرائیل نے سویدا کے قریب تازہ فضائی حملوں کی تردید کر دی

اسرائیل نے جمعے کے روز شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے اس دعوے کی تردید کی، جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ رات دروز اکثریتی شہر سویدا کے قریب مزید فضائی حملے کیے۔

ایک اسرائیلی فوجی ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا، ’’اسرائیلی فوج کو شام میں رات کے وقت کسی فضائی حملے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔‘‘

واضح رہے کہ اسرائیل نے رواں ہفتے سویدا اور دارالحکومت دمشق میں شامی فوجی ٹھکانوں پر حملے کیے تھے۔ ان حملوں کا مقصد شام کی اسلام پسند حکومت پر دباؤ ڈالنا تھا کہ وہ سویدا کے دروز اکثریتی علاقے سے اپنی فورسز واپس بلا لے۔

(جاری ہے)

ان حملوں کے بعد شامی فوج جمعرات کو واقعی اس علاقے سے پیچھے ہٹ گئی تھی۔ اس انخلا کو اسرائیلی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اسرائیل نے کسی نئی کارروائی سے مکمل لاعلمی ظاہر کی ہے۔


شامی حکومت کا سویدا میں سکیورٹی فورسز کی دوبارہ تعیناتی کا اعلان

شام کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سرکاری سکیورٹی فورسز جلد ہی دروز اکثریتی شہر سویدا میں دوبارہ تعینات کر دی جائیں گی۔

وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے آج بروز جمعہ ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام دروز اور بدو قبائل کے درمیان جاری جھڑپوں کو قابو میں لانے کے لیےکیا جا رہا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اسرائیل پہلے ہی شامی حکومت کو ملک کے جنوبی علاقوں سے فوجی انخلا کے لیے انتباہ کر چکا ہے۔

اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے شامی حکومت کو جنوبی شام سے اپنی فورسز واپس بلانے کا انتباہ کیا تھا اور واضح کیا ہے کہ وہ اپنی سرحد کے قریب ’’اسلام پسند حکمرانوں‘‘ کو کوئی عسکری قوت جمع کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

اس سے قبل برطانیہ میں قائم اور انسانی حقوق کی نگران غیر سرکاری شامی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ شام کے جنوبی صوبے سویدہ میں حالیہ دنوں میں دروز مذہبی اقلیت اور سنی بدو قبائل کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں کل تک کم از کم 360 افراد ہلاک ہو چکے تھے۔

سن 2006 سے شام میں حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے والی اس تنظیم کا کہنا ہے کہ شام کی سرکاری افواج اب سویدہ شہر اور صوبے سے مکمل طور پر نکل چکی ہیں۔

ان کی جگہ مقامی دروز ملیشیا نے وہاں سکیورٹی کا انتظام سنبھال لیا ہے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں شامی فوجیوں کو رات کے اندھیرے میں سویدہ سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ادھر سویدہ 24 ویب سائٹ کے ایڈیٹر انچیف ریان معروف نے بھی اے ایف پی کے ساتھ گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا، ’’سویدہ میں اب کوئی سرکاری فوجی موجود نہیں۔‘‘

ادارت: مقبول ملک، عدنان اسحاق