Live Updates

جتنی بھی اموات ہوئیں یہ سب ناگہانی آفت کے سبب ہوئیں، حکومت کی غفلت سے کوئی اموات نہیں ہوئیں، مریم نواز

ریکارڈ بارش ہوئی مگر نقصان کم ہے،کل میرے لئے جذباتی سین تھا جب نومولود بچے کو بچا کر والدین کے حوالے کیا گیا،سب نے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں کل جو ریلیف آپریشن کیا گیا میں نے خود سارا مانیٹر کیا تھا، ٹیکنالوجی کا دور ہے عوام کو بروقت آگاہ رکھیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی پی ڈی ایم اے کے ہیڈکوارٹر میں گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 جولائی 2025 16:50

جتنی بھی اموات ہوئیں یہ سب ناگہانی آفت کے سبب ہوئیں، حکومت کی غفلت سے ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی 2025)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کہ مون سون کے دوران بارشوں میں جتنی بھی اموات ہوئیں یہ سب ناگہانی آفت کے سبب ہوئیں، حکومت کی غفلت سے کوئی اموات نہیں ہوئیں، ریکارڈ بارش ہوئی ہے مگر نقصان کم ہے،مون سون کیلئے ہم نے اقدامات کئے تھے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں سیلابی صورتحال اور ریسکیو آپریشنز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو حفاظتی انتظامات اور آلات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ مریم نواز نے ابتدائی وارننگ سسٹم کا مشاہدہ بھی کیا۔پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام ریسکیو ٹیموں کی انتھک محنت کو سراہا اور متاثرین کی فوری مدد اور محفوظ منتقلی کو اولین ترجیح قرار دیا۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بارشوں اور سیلابی ریلے کی آمد پر آرمی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں کہا گیا کہ پنجاب کے تین متاثرہ اضلاع میں سیلابی ریلے میں گرے ہوئے 1063 افراد کو بحفاظت نکالا گیا۔ صوبے میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو اوسطاً صرف 23 منٹ کے اندر محفوظ مقامات پر  پہنچایا گیا۔ جہلم میں 160 افراد کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو کیا گیا، ریسکیو 1122 نے 174 اور پاک فوج نے 64 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

راولپنڈی میں سیلابی ریلے میں پھنسے 6 افراد کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو کیا گیا جبکہ ریسکیو 1122 نے 450 افراد کی جانیں بچائیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کل میں نے پورا ریلیف آپریشن مانیٹر کیا۔کل میرے لئے جذباتی سین تھا جب نومولود بچے کو بچاکر والدین کے حوالے کیا گیا۔ جہاں کشتیوں کی ضرورت ہو تو پی ڈی ایم اے سے رابطہ کیا جائے۔

حکومت یا حکومتی اداروں کی غفلت کی وجہ سے کسی کی جان نہیں گئی ہے۔ سب نے بڑے احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ کل جو ریلیف آپریشن کیا گیا میں نے خود سارا مانیٹر کیا تھا۔ ریسکیو ادارے نئے مون سون اسپیل کیلئے آج سے ہی تیاری مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ عوام کو بروقت آگاہ رکھیں۔ فیلڈ میں اتریں اور خود سے عوام کی مشکلات کو کم کرنے کی کوشش کریں۔

مجھے کہیں بھی پانی کھڑا نظر نہیں آنا چاہیے یہ کمشنرز اور ڈی سیز کی ذمہ داری ہے۔پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کو شاباش دینا چاہتی ہوں۔ہماری فصلیں تباہ ہو رہی ہیں ان کی فہرست تیار کریں تاکہ ہم بعد ازاں کسان کی مالی طور پر مدد کر سکیں۔ ہم سب عوام کے ساتھ ہیں کھڑے ہیں۔ عوام کی مدد پر فوکس رکھیں۔مجھے کہیں پربھی بارش کا پانی نظر نہیں آنا چاہئے۔

چند گھنٹوں میں بارش کا پانی ڈرین کیا جارہا ہے افسران کو زیادہ ٹائم فیلڈ میں لگانا چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جہلم اور چکوال میں طوفانی بارش ہوئی۔ سڑکوں کو جلد کلیئر کیا گیا۔ پرائیوٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے رہائشیوں کو مالکان کے رحم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ڈی سیز کی ذمہ داری ہے سوسائٹیز ذمہ داران کو اقدامات کی ہدایت دیں۔ان کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی صورتحال اس بار کنٹرول رہی ہے۔ چند گھنٹوں کیلئے انخلاء کرنا پڑا تھا۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات