سندھ حکومت نے نمبر پلیٹ پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد کروانے کا اعلان کر دیا

جمعہ 18 جولائی 2025 16:36

سندھ حکومت نے نمبر پلیٹ پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد کروانے کا اعلان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)نئی نمبر پلیٹ کے حوالے سے پریشان شہریوں کیلیے بری خبر آگئی کیونکہ سندھ حکومت نے پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد کروانے کا اعلان کر دیا۔سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ نئی نمبر پلیٹ پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد ہوگا۔

سعدیہ جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی موجد ہے، منعم ظفر تعصب کی سیاست کی عینک اتاریں۔ترجمان نے سوال کیا کہ کیا منعم ظفر کو سیف سٹی جیسا حساس سکیورٹی منصوبہ بھی اچھا نظر نہیں آتا نئی نمبر پلیٹ سیف سٹی پراجیکٹ کا ناگزیر حصہ ہے، نمبر پلیٹ پر کی جانے والی تنقید صرف لاعلمی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نمبر پلیٹ منصوبہ عوام کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کیلیے ہے۔انہوںنے کہا کہ بلڈنگ گر جائے تو تنقید اور خالی کروائیں تو احتجاج کرتے ہیں، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پورشن پر کارروائی ہو تو ظلم اور لیاری میں ہو تو جائز ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اپنی پالیسیوں میں کنفیوژ ہے، وہ ترقی دشمن جماعت ہے، حساس معاملات کو سیاسی رنگ دینا انتہائی افسوسناک ہے، تعصب کی عینک پہننے والے کراچی میں ہر قدم پر اعتراض اٹھاتے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے نئی نمبر پلیٹ لازمی قرار دے کر شہریوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ صوبائی حکومت نے نئی نمبر پلیٹ کے اجرا کو جرائم کی روک تھام اور ٹیکس وصولی سے جوڑ دیا۔کراچی میں 35 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں اور 23 لاکھ سے زائد گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔ لاکھوں گاڑیوں کیلیے نئی نمبر پلیٹ جاری کرنا بھی کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔محکمہ ایکسائز اور صوبائی حکومت کی جانب سے اب تک واضح احکامات نہیں آئے لیکن ٹریفک پولیس کی من مانیاں اور شہریوں کے دھڑلے سے چالان کاٹنا معمول بن گیا۔

موٹرسائیکل کی نئی نمبر پلیٹ کیلیے شہری 1850 روپے ادا کریں گے جبکہ گاڑی کیلیے 2450 روپے دینے ہوں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ایکسائز آن لائن درخواست وصول کر رہا ہے تو گاڑیوں کی نمبر پلیٹ شہریوں کے گھر پر بذریعہ کورئیر بھی بھیجے۔