Live Updates

عرفان سلیم کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیں گے، مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو الیکشن کے دن اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائیگا، رہنماء پی ٹی آئی

سینیٹ الیکشن 21 جولائی کو ختم ہوگا اور اسی دن سے ہماری تحریک کا آغاز ہوگا، عرفان سلیم ہر صورت سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے ، پارٹی میں مخلص کارکنوں کو نظر انداز کر کے اے ٹی ایمز کو ٹکٹ دئیے جا رہے ہیں ،تحریک انصاف کے تنظیمی رہنماؤں کی پریس کانفرنس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 جولائی 2025 16:00

عرفان سلیم  کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیں گے، مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی 2025)پاکستان تحریک انصاف پشاور کے تنظیمی رہنماؤں نے اعلان کیا ہے عرفان سلیم سینیٹ الیکشن کے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیں گے، اگرہمارامطالبہ تسلیم نہ کیا گیا توسینیٹ الیکشن کے دن اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائیگا، سینیٹ الیکشن 21 جولائی کو ختم ہوگا اور اسی دن سے ہماری تحریک کا آغاز ہوگا، پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی پشاور کے رہنماؤں نے کہا کہ عرفان سلیم ہر صورت سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے۔

عرفان سلیم سینیٹ کے امیدوار ہیں اور اسی حیثیت سے میدان میں موجود رہیں گے۔رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی میں مخلص کارکنوں کو نظر انداز کر کے اے ٹی ایمز کو ٹکٹ دئیے جا رہے ہیں جوہمیں کسی صورت قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹ الیکشن ہمارے لئے نہیں بلکہ تحریک کی شروعات ہے اور 21 تاریخ کے بعد بانی پی ٹی آئی اورپارٹی سے غداری کرنے والوں کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے تنظیمی رہنماؤں کا پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ عرفان سلیم سینیٹ کے امیدوار ہیں اور رہیں گے ان کی جگہ کسی اور کو نامزد کرنا کارکنوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔رہنماؤں نے مطالبہ نہ مانے کی صورت میں 21 جولائی کو سینیٹ الیکشن کے دن خیبرپختونخواہ اسمبلی کے گھیراؤ اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کا اعلان کر دیا۔

سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کی خبریں شدت اختیار کرتی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں سینیٹ کی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلاف کھل کر سامنے آ گئے تھے۔ پی ٹی آئی میں سینیٹ کی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر اختلافات شدید ہوگئے تھے اوراس فیصلے کے خلاف پارٹی میں شدید احتجاج شروع ہوگیاتھا۔چند روز قبل تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے پشاور پریس کلب کے باہر دھرنا دیا تھااور مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا تھا۔

بااثر شخصیات کو ٹکٹ دینے کے فیصلے کیخلاف کارکنوں نے شدیداحتجاج کیا تھا۔ سینیٹ انتخابات میں وفادار اور دیرینہ کارکنوں کی بجائے امیر شخصیات کو ٹکٹ دئیے گئے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود عرفان سلیم کے نام کی منظوری دی تھی لیکن بیرسٹر سیف کی جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد“خاص شخصیات”کے نام فائنل کئے گئے تھے۔ اس احتجاج میں ایم این اے شیر علی ارباب نے بھی عرفان سلیم کے حق میں شرکت کی تھی۔مظاہرین نے اعلان کیا کہ سرمایہ داروں کو ترجیح دینے اور حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کرنے کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات