آسام، مسماری مہم کے دوران پولیس کی فائرنگ سے دو مسلمان جاںبحق

جمعہ 18 جولائی 2025 14:15

آسام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)بھارتی ریاست آسام میں ضلع گولپارہ کے پیکان ریزرو فاریسٹ میں مسماری مہم کے دوران پولیس کی فائرنگ سے دو مسلمان جانبحق ہو گئے۔ ان افراد کو مسماری مہم کے خلاف مزاحمت پر گولیاں مار دی گئیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے شکور حسین اور قطب الدین شیخ جانبق ہو گئے۔ ہفتے کے روز سے جاری مسماری مہم کے دوران مزاحمت پر اب تک درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان مسلمانوں کو بنگالی قرار دیکر بے دخل کیا جا رہا ہے۔اب تک سینکڑوں مسلمان خاندانوں کے گھر مسمار کیے جاچکے ہیں۔بی جے پی سے وابستہ وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ مسماری مہم اور بنگالی مسلمانوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا۔کانگریس نے بے دخلی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بنگالی بولنے والے مسلمانوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔۔ پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے دھوبری اور گولپارہ میں دو ہزار کے لگ بھگ مکانات کی مسماری کی مذمت کرتے ہوئے اسے آئینی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔