ڈیرہ اسماعیل خان ،تھانہ بندکورائی پولیس کی کامیاب کارروائی,کمسن حافظ قرآن کے قتل کا معمہ حل، 3 ملزمان گرفتار

جمعہ 18 جولائی 2025 16:30

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) تھانہ بندکورائی پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران کمسن حافظ قرآن کے قتل کا معمہ حل کر لیا، 3 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔تھانہ بندکورائی کی حدود میں 16 سے 17 سالہ حافظ قرآن کے بے رحمانہ قتل کی واردات کا معمہ پولیس نے اپنی جدید تفتیشی تکنیک اور محنت سے حل کیا۔ ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سجاد احمد صاحبزادہ نے اس سانحے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس کی سربراہی ایس پی پہاڑپور اسد علی شاہ نے کی۔

تفتیشی ٹیم میں ایس ڈی پی او پہاڑپور نور حیدر خان، ایس ایچ او بندکورائی ذیشان اقبال خان اور انچارج انویسٹی گیشن ارشد خان شامل تھے۔ پولیس نے جدید سائنسی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے واردات کا سراغ لگایا اور 3 مشتبہ ملزمان کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

گرفتار ہونے والوں میں قمرزمان (عرف قمری)، محمد شفیق (عرف شیکا) اور مجاہد خان شامل ہیں، جو بندکورائی اور اس کے نواحی علاقوں کے رہائشی ہیں۔

پولیس نے ملزمان سے قتل کا ہتھیار (پسٹل 30 بور)، واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل (CD-70)، مقتول کا موبائل فون اور 4 ہزار روپے نقد رقم برآمد کیے۔ مقامی افراد نے پولیس کی کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انصاف کے عمل سے عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔\378