کہوٹہ ، بھون روڈ پر لرزہ خیز فائرنگ، دو سگے بھائیوں سمیت 4 افراد قتل

جمعہ 18 جولائی 2025 17:41

کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) تھانہ کہوٹہ کے علاقے بھون روڈ میں خوفناک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں دو سگے بھائیوں سمیت چار افراد کو اندھا دھند گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت ثمر اقبال عرف ثمرو ولد عبدالرؤف، جنید گل ولد عبدالرؤف، متین کیانی اور شعیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کہوٹہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

ابتدائی تحقیقات اور مقتولین کے ورثاء کے بیانات کی روشنی میں الزام بہادر ساکن سہالہ گروپ پر عائد کیا گیا ہے، جس نے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کر کے چاروں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ایس پی صدر نبیل کھوکھر بھی ٹی ایچ کیو اسپتال کہوٹہ پہنچے، جہاں انہوں نے مقتولین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تفتیشی عمل کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیاہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس لرزہ خیز قتل کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔\378