محکمہ تعلیم آزاد کشمیر میں اصلاحات ،بہتری کے انقلابی اقدامات کا تسلسل جاری

محکمہ الیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر ،ماڈرن ایجوکیشن اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 18 جولائی 2025 23:32

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کے وژن اور وزیر الیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی کی قیادت میں محکمہ تعلیم میں اصلاحات اور بہتری کے انقلابی اقدامات کا تسلسل جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر محکمہ الیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر اور معروف غیر سرکاری تنظیم ماڈرن ایجوکیشن اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی عنایت علی اور MEHD کے نمائندہ نے دستخط کیے۔ اس یادداشت کا مقصد ریاست بھر میں تعلیمی اداروں کی بہتری، تعلیمی معیار کو بلند کرنا، اساتذہ کی تربیت، جدید تدریسی طریقوں کا فروغ اور طلباء کو ایک بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت MEHD ادارہ مختلف سرکاری اسکولوں میں تکنیکی معاونت، تربیتی ورکشاپس، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی وسائل کی فراہمی میں معاونت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سیکرٹری تعلیم، محکمہ کے اعلیٰ افسران، MEHD کے نمائندگان، اساتذہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر الیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ ’’آزاد کشمیر کے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ شراکت داری تعلیم کے شعبے میں ایک مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نجی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے تعلیمی میدان میں ایسی اصلاحات لا رہے ہیں جن سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ نئی نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بھی بنایا جائے گا۔‘‘MEHD کے نمائندے نے اس موقع پر کہا کہ وہ آزاد کشمیر میں تعلیم کے فروغ کے لیے محکمہ تعلی کے ساتھ مل کر بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ باہمی اشتراک ریاست میں تعلیم کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھے گا۔یہ اقدام نہ صرف سرکاری اسکولوں کے معیار میں بہتری کا باعث بنے گا بلکہ آزاد کشمیر میں تعلیم کے فروغ کی جدوجہد میں ایک نیا سنگِ میل بھی ثابت ہوگا۔