اینٹی کرپشن قوانین کے تحت تمام سرکاری ادارے اس بات کے پابند ہیں کہ وہ طلب کی گئی معلومات مقررہ وقت کے اندر فراہم کریں، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ

جمعہ 18 جولائی 2025 20:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ ایک وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد سرکاری محکموں، اداروں اور کارپوریشنز میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حقائق تک رسائی، تحقیقات اور قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لانا ہے۔ادارے کے قیام سے اب تک شاید ہی کوئی محکمہ ایسا ہو جسے معلومات کی فراہمی کے لیے خطوط ارسال نہ کیے گئے ہوں۔

اینٹی کرپشن قوانین کے تحت تمام سرکاری ادارے اس بات کے پابند ہیں کہ وہ طلب کی گئی معلومات مقررہ وقت کے اندر فراہم کریں۔کسی ادارے کی جانب سے معلومات کی فراہمی سے گریز، تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش یا یہ کہنا کہ کارروائی ذاتی عناد کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، نہایت نامناسب ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا میں آ کر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے قانونی اختیارات سے متعلق غلط بیانی کرنا نہ صرف تحقیقات کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے بلکہ یہ بدعنوان عناصر کی حوصلہ افزائی کے مترادف بھی ہے۔

مروجہ قوانین کے مطابق ترقیاتی اسکیموں میں بے ضابطگیوں سے متعلق شکایات پر مختلف اداروں سے معلومات طلب کی گئیں، جن میں سے بیشتر اداروں نے بروقت تعاون کرتے ہوئے درکار معلومات فراہم کیں۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو رول 7(5) بمطابق اینٹی کرپشن رولز 2019 کے تحت اختیار حاصل ہے کہ وہ سرکاری محکموں، خودمختار اداروں یا کارپوریشنز کے سربراہان سے کسی بھی انکوائری یا تحقیقات کے لیے مطلوبہ دستاویزات اور معلومات براہِ راست طلب کر سکتا ہے۔

اسی طرح، ایک مخصوص ادارے سے بھی بے ضابطگیوں سے متعلق معلومات طلب کی گئیں۔ تاہم تحقیقات کا عمل ابھی جاری ہے اور ذمہ داران کا تعین ہونا باقی ہے۔ اس کے باوجود ادارے کے سربراہ کی جانب سے میڈیا پر غلط بینی کرنا اور حقائق سامنے آنے سے قبل بیانات جاری کرنا قانون کے مطابق اٹھائے گئے اقدامات کے منافی اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے اور غلط معلومات کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کر نے کی مزموم کوشش ہے۔

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن کے رول 20 بمطابق اینٹی کرپشن رولز 2019 کے تحت ادارے کے سربراہ کو یہ مکمل اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی معاملے کی تحقیقات کا حکم دے اور کسی بھی فرد یا ادارے سے معلومات طلب کرے جو تحقیقات کے لیے معاون ثابت ہو سکتی ہوں۔ یاد رہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو کسی بھی ادارے سے معلومات طلب کرنے کے لئے کسی مجاز اتھارٹی سے پیشگی اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔

متعلقہ عنوان :