ڈی جی ایل ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس،چیف انجینئر ٹیپا نے منصوبوں بارے بریفنگ دی

ہفتہ 19 جولائی 2025 00:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت ٹیپا آفس میں اہم اجلاس منعقدہوا جس میں چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے شہر میں ٹیپا کے جاری و مجوزہ منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں شہر میں مجوزہ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے منصوبے بارے پیش رفت سے آگاہ کیا گیا،ٹیپا مال روڈ پرانی ٹولنٹن مارکیٹ اور نیلا گنبد پر پارکنگ پلازہ تعمیر کرے گا،نیلا گنبد پر پارکنگ پلازہ 16 کنال جبکہ پرانی ٹولنٹن مارکیٹ پر 5.5 کنال جگہ پر بنایا جائے گا، نیلا گنبد پارکنگ پلازہ میں 474 گاڑیوں اور 790موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی جبکہ مال روڈ ٹولنٹن مارکیٹ پارکنگ پلازہ میں 108 گاڑیوں اور 440 موٹر بائیکس کی پارکنگ کی گنجائش ہو گی۔

(جاری ہے)

پارکنگ پلازہ میں پارکنگ مینجمنٹ سسٹم، فائر فائٹنگ سسٹم، سی سی ٹی وی، واش رومز سمیت دیگر سہولیات میسر ہوں گی،نیلا گنبد میں زیر زمین تین بیسمنٹ پر پارکنگ پلازہ اور بیسمنٹ میں دکانیں بنائی جائیں گی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ شہر کے مصروف ترین علاقے میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر سے شہریوں کو سہولت ملے گی،ٹیپا نے پارکنگ پلازوں کی تعمیر پر پراسس کا آغاز کر دیا۔اجلاس میں ٹیپا کے شہر میں جاری دیگر کاموں بارے بھی بریفنگ دی گئی۔چیف انجینئر اسرار سعید، چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین، نیسپاک ٹیم،پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ اور متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :