جہلم کے نالہ بنہاں میں بہنے والے شہید اہلکارکی نمازجنازہ ادا، عسکری وسول قیادت کی شرکت

ہفتہ 19 جولائی 2025 13:43

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء) جہلم میں نالہ بنہاں میں بہہ جانیوالے پولیس اہلکار کی لاش رسول نگر کے قریب سے ملی، پولیس اہلکار حیدر علی امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا، شہید اہلکار حیدر علی کی نماز جنازہ پولیس لائنز جہلم میں ادا کی گئی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور عسکری و سول قیادت نے شرکت کی، پولیس کے دستے نے شہید کو سلامی بھی پیش کی، شہید کانسٹیبل حیدر علی 6 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کانسٹیبل حیدر علی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا حیدر علی نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کئی لوگوں کو سیلابی پانی سے ریسکیو کیا، حیدر علی شہید پر پوری قوم کو فخر ہے،حیدر علی شہید کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کانسٹیبل حیدر علی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا حیدر علی نے اپنی جان نچھاور کر کے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی، شہید کانسٹیبل قوم کا ہیرو ہے جس نے فرض پر آنچ نہیں آنے دی۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے شہید پولیس اہلکار حیدر علی حسن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا حیدر علی شہید ایثار و قربانی کی تابندہ مثال ہے،شہدا پیکیج کے تحت شہید کے اہل خانہ کی مالی کفالت کی جائے گی۔