”رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025“ میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے اعلیٰ اعزازات اپنے نام کر لئے

معرکہ حق میں بھارتی فضائیہ کو سبق سکھانے والے پاکستانی جے ایف 17 سی بلاک تھری طیارے کو ”سپرٹ آف دی میٹ“ ٹرافی سے نوازا گیا، رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو مقابلوں میں پاک فضائیہ کے سی 130 ہرکولیس طیارے نے ٹرافی جیت لی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 19 جولائی 2025 15:05

”رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025“ میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے اعلیٰ ..
لندن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی 2025)برطانیہ میں ہونے والے ”رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025“ میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے اعلیٰ اعزازات اپنے نام کر لئے،معرکہ حق میں بھارتی فضائیہ کو سبق سکھانے والے پاکستانی جے ایف 17 سی بلاک تھری طیارے نے بھی رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 میں اعلیٰ اعزاز حاصل کیا،ایئر شو میں پاک فضائیہ کے جدید جے ایف-17 سی بلاک تھری جنگی طیارے کو ”سپرٹ آف دی میٹ“ (Spirit of the Meet) ٹرافی سے نوازا گیا۔

جے ایف تھنڈر نے پاکستان سے برطانیہ تک مسلسل، نان سٹاپ ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کے ذریعے سفر کیا۔ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو مقابلوں میں پاک فضائیہ کے سی 130 ہرکولیس طیارے نے ٹرافی جیت لی۔ یہ ایوارڈ طیاروں کی شاندار پرواز اور تکنیکی مہارت کے اعتراف میں دئیے گئے۔

(جاری ہے)

ہدف پر جھپٹنے کیلئے تیار عقاب کی تصویر سے مزین طیارے نے ایئر شو میں حاضرین کے دل جیت لئے۔

برطانیہ میں ہونے والے عالمی شہرت یافتہ ”رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025“ (RIAT 2025) میں پاک فضائیہ کے جنگی اور ٹرانسپورٹ طیاروں نے اعلیٰ اعزازات اپنے نام کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ پاکستانی دفاعی فضائی طاقت نے ایک بار پھر دنیا کو حیران کر دیا۔ جے ایف-17 سی بلاک تھری نے پاکستان سے برطانیہ تک مسلسل، نان سٹاپ ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے ذریعے کامیاب پرواز کی جس نے نہ صرف اس کی طاقت و صلاحیت کو ظاہر کیا بلکہ پاکستان کے فضائی نظم و نسق اور ٹیکنالوجی میں خودکفالت کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا۔

جے ایف-17 سی بلاک تھری طیارہ پاکستان کی جدید دفاعی ایوی ایشن ٹیکنالوجی کی نمائندگی کرتا ہے جو ملکی انجینئرنگ اور مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو جیسے معتبر فضائی شو میں یہ کامیابی پاک فضائیہ کی قابلیت کو تسلیم کئے جانے کا ثبوت ہے۔عالمی سطح پر اس کامیابی نے پاکستان کے ایوی ایشن شعبے کو فخر سے ہمکنار کیا ہے۔اس تاریخی کامیابی پر پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف ہمارے ہوا بازوں اور انجینئرز کی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان کے دفاعی شعبے کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔